کراچی؛ مکان کی چھت گرنے سے ماں 3 بچوں سمیت دب کر جاں بحق

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی بارش کا پانی آبادی میں جمع ہو گیا اور مبینہ طور پر پانی اس مکان میں بھی داخل ہو گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پانی گھر میں داخل ہونے کے باعث گھر کا مالک اور دیگر اہلِ خانہ گھر سے باہر نکل آئے تاہم خاتون (بچوں کی ماں) نصیب حوا اور تین بچے کمرے میں سوتے رہے کہ اس دوران مکان کی چھت  منہدم ہوگئی۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گھر کےملبے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اورلاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق

شہرقائد میں رات گئے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، جس کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشنِ معمار میں بنگالی موڑ کے قریب واقع گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

کراچی میں رات بھر تیز بارش، سڑکیں زیر آب، بجلی معطل

کراچی میں رات گئے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئی ہیں، اس افسوسناک صورتحال میں پانی کی نکاسی کیلئے متعلقہ انتظامیہ بھی غائب ہے۔

گزشتہ رات ہو نے والی بارش کے باعث بیشتر علاقوں  میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے، بارش کی صورت میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔

The post کراچی؛ مکان کی چھت گرنے سے ماں 3 بچوں سمیت دب کر جاں بحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email