پاکستان پولینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے وزیر خارجہ زگنوراؤ کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ،تجارت و سرمایہ کاری سمیت، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چار دہائیوں سے جاری جنگ و جدل سے پاکستان شدید متاثر ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام،نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ توقع ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے اجتناب کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےعالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان کٹھن حالات میں افغانستان کی مالی و انسانی معاونت کو یقینی بنائے۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران پولینڈ کے وزیر خارجہ نے پولینڈ کے شہریوں کے کابل سے انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ء پولینڈ کی دعوت دی جس پر وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے پولینڈ کے وزیر خارجہ کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔

واضح رہے گزشتہ روز رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگڈن آرسکو کا بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی تھی ۔

ٹیلیفونک رابطے میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارتی و دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر رومانیہ کے وزیر خارجہ نے کابل سے رومانوی شہریوں کے محفوظ انخلاء میں معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا تھا۔

The post پاکستان پولینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email