بلاول صاحب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا ، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بلاول صاحب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  لاہور کی عوام ، پی پی کارکنان اور عہدیداران نے جس طرح استقبال کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عزم کیا ہے پارٹی کو دوبارہ پنجاب میں اپنے مقام پر لانا ہے ، 77 کے بعد یہاں ہماری حکو مت نہیں بنی اس کی وجوہات لمبی ہیں اس پہ پھر بات کریں گے ، بلاول صاحب نے کہا ہے جس گھر پر پی پی پرچم تھااور آج نہیں ہے اس گھر تک پہنچنا ہے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چئیرمین نے ہدایات اور پیغام دیا ہے کہ پارٹی کے ہر ورکر کے ساتھ کھڑے ہیں ، پنجاب سمیت ملک بھر میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ، اب ہر جگہ سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھروں کے بلند دعوے انہوں نے کیے تھے ، یہ کہتے تھے بجلی کی قیمت بڑھے تو وزیراعظم چور ہے گیس کا بل بڑھے تو حکومت چور ہے ، پیپلز پارٹی کی حکومت ان سے کئی گنا بہتر تھی۔

انہوں نے کہا کہ مالا کنڈ سے پاکستان کا پرچم اتر گیا تھا ہم نے افواج کیساتھ کھڑے ہو کر وہاں دوبارہ پرچم لگوایا ، پچیس لاکھ افراد بے گھر ہو گئے تھے ان کو سیٹل کیا ، ایک سو دس فیصد تنخواہیں بڑھائیں پینشنرز کیساتھ کھڑے ہوئے ، ان سے لوگ مایوس ہو چکے ہیں اب ملک کو ذمہ دار حکومت کی ضرورت ہے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت بنائے گی ، کشمیر میں آپ نے دیکھا ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی مگر روکنا ممکن نہیں ، پیپلزپارٹی کی سیاست عوامی مفاد کی سیاست ہے ، ہمیں حکومت میں آنے کی خواہش نہیں ہوتی بلکہ اصولوں کی سیاست کرتے ہیں۔

The post بلاول صاحب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا ، راجہ پرویز اشرف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email