پاک بحریہ کی امریکی اور جرمن بحریہ کے جہازوں کے ہمراہ بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق کا انعقاد

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نے امریکی اور جرمن بحریہ کے جہازوں کے ہمراہ بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق کا انعقاد کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مشق میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر کے علاوہ امریکی بحریہ کے جہاز شیلوہ اور جرمن بحریہ کے جہاز بائیرن نے شمولیت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا انعقاد کیا گیا ، یہ بحری مشق سمندری تحفظ اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ اور امریکی بحریہ کے جہازوں کے مابین دو طرفہ بحری مشق کا بھی انعقاد کیا گیا ، ان مشقوں کا مقصد دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ تعلقات اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو مزید فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ یوم بحریہ 2021 کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے، جو پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہاکہ پاکستان نیوی کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہ میں مقید رکھا۔ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔

The post پاک بحریہ کی امریکی اور جرمن بحریہ کے جہازوں کے ہمراہ بحیرہ عرب میں مشترکہ بحری مشق کا انعقاد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email