صدر سرکل راولپنڈی میں سنگین جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ دیکھا جارہا ہے، راجہ بشارت

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ صدر سرکل راولپنڈی میں سنگین جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کا 82واں اجلاس ہوا ہے۔

راجہ بشارت نے پنجاب میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے لے کر نچلی سطح تک خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر گہری تشویش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر سے موصولہ رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں خواتین کے خلاف جرائم میں واضح اضافہ ہوا ہے، خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے سیمیناروں کی بجائے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

راجہ بشارت نے کہا کہ خواتین کے خلاف واقعات کی ایف آئی آر کے اندراج میں انکار یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، آئی جی پولیس اور سیکرٹری پراسیکیوشن آئندہ اجلاس میں گرفتاریوں، چالان اور تفتیش کی مکمل تفصیل پیش کریں۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے مزید کہا کہ پولیس خواتین کے لیے قائم کردہ ضلعی اینٹی کرائم سیلز صحیح معنوں میں فعال کرے، پولیس خواتین کے مقدمات میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو اپنے اقدامات سے لازمی آگاہ کیا کرے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں چیئرپرسن ویمن اتھارٹی فاطمہ چدھڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، اے آئی جیز سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ ، سی سی پی او اور دیگر افسران شریک ہوئے تھے۔

The post صدر سرکل راولپنڈی میں سنگین جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ دیکھا جارہا ہے، راجہ بشارت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email