ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، آج سندھ میں کوروناکیسز کی شرح 7فیصد جبکہ کراچی میں اب بھی کورونا کیسز کی شرح 10فیصد ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی میں سائنسی نمائش کاافتتاح کیا، یونیورسٹی پہنچنے پر وی سی، کمشنرکراچی اوراعلیٰ افسران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سائنسی نمائش کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اب تمام مسائل کا حل نکالنےکی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، آج سندھ میں کوروناکیسز کی شرح 7فیصد جبکہ کراچی میں اب بھی کوروناکیسزکی شرح 10فیصد ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 20ہزارکوویڈ ٹیسٹ روزانہ کر رہے ہیں، کبھی 1000 ٹیسٹ کرنے کا سوچنا بھی مشکل تھا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ٹیکنالوجی،تعلیم میں بہت ترقی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج صحت سے منسوب نمائش منعقد کی گئی ہے ، نمائش بھی ٹیکنالوجی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے کوویڈ پر قابو پایا، صحت کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے، ایک بچے کو ربوٹک بازو لگایا گیا ہے۔

واضح رہےکہ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 902 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

 سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 40 ہزار 164 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 7 ہزار 30 ہو گئی ہیں۔

 

The post ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، وزیراعلیٰ سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email