سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی حکومتیں، خواندگی کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی غیرجمہوری حکومتیں، خواندگی کا فروغ اُن کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےعالمی یوم خواندگی پر پیغام دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے، پاکستان میں دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونے پر شدید تشویش ہے، خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کا تعلیم کے میدان میں صرف افغانستان سے آگے ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی توجہ کا محور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام کا نام تبدیل کرنا ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی عوامی حکومت نے اپنی بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز 277.5 ارب روپے محکمہ تعلیم و خواندگی کے لئے رکھے ہیں، ملک میں سب سے زیادہ اسکول اور یونیورسٹیوں کا قیام قائدِ عوام، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور مردِ حر کے ادوار میں ہوا۔

انہوں نے مزید کہاکہ پی پی پی آئندہ الیکشن میں کامیاب ہو کر شرح خواندگی میں اضافے کے لئے اپنی کاوشوں کو ازسرِ نو بحال کرے گی۔۔

عالمی یوم خواندگی

دنیا بھر میں 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منایا جاتا ہے۔

اس دن کے منانے کا مقصد دنیا سے جہالت کے اندھیرے دور کرکے آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت دینا ہے۔

بہت سے ممالک میں ہر سال خواندگی کے فروغ کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود دنیا بھر میں لاکھوں بچے ایسے ہیں جو اسکول نہیں جاتے اور تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم ہیں۔

ہمارے ملک کے مختلف علاقوں میں بھی کم شرح خواندگی کی ایک بڑی وجہ تعلیم اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہی نہ ہونا اور ناقص تعلیمی نظام بھی ہے۔

The post سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی حکومتیں، خواندگی کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، بلاول بھٹو appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email