سندھ رینجرز کی جانب سے پاکستان ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے یوم دفاع پر پاکستان ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میچ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد کراچی میں کھیلا گیا، میچ میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے 16 مدارس کی طلبا ٹیموں نے حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس کے علاوہ تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف زبیر موتی والا، بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات، علماء کرام اور سابقہ ٹیسٹ کرکٹرز سکندر بخت، سعید انور، محمد سمیع، سرفراز احمد اور اسماء علی شاہ نے بھی بطور مہمان شرکت کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم بنارس کی ٹیم نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی حاصل کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ مقابلے کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ) اور باقی مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافی، میڈل اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

ڈی جی رینجرز نے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کی ایڈمنسٹریشن خصوصاً میڈم اسماء علی شاہ کا اہل علاقہ کے لیے اسٹیڈیم کی تعمیر پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ ڈی جی رینجرز نے تمام مدارس کی ٹیموں کے ولولے اور ٹورنامنٹ میں شرکت کو سراہا، ٹورنامنٹ میں شائقین، مدارس کے طلبا اور علمائے کرام کی بڑی تعداد محظوظ ہوئی اور رینجرز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

The post سندھ رینجرز کی جانب سے پاکستان ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email