ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے جرمن کے سفیر برن ہارڈ اور ہالینڈ کے سفیر ولم واؤٹر پلامپ کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر داخلہ نے یورپی سفیروں کو مزید افغان شہریوں کے انخلاء میں بھر پور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

پاکستان میں وزیر داخلہ سے جرمنی اور ہالینڈ کے سفیروں کی ہونے والی ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی جبکہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ملاقات میں افغانستان سے غیر ملکیوں بلخصوص یورپی باشندوں کے انخلاء میں پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی گئی جبکہ ہالینڈ اور جرمنی کے شہریوں اور ان سے متعلقہ اداروں کے افغان عملے کے بروقت انخلاء پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں،افغانستان میں پائیدارامن خطے کی ترقی اور دنیا کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔

شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ پاکستان گذشتہ 40 سال سے چالیس لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، وزارت داخلہ میں افغانستان سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے جبکہ افغانستان سے یورپی شہریوں سمیت افغانیوں کے انخلاء میں بھر پور کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ہالینڈ کے سفیر ولم واؤٹر پلامپ نے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن اور ترقی یورپی پونین اور پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے ، یورپی یونین حالیہ حالات میں پاکستان کی بھرپور معاونت کے لئے تیار ہے۔

ملاقات میں جرمن کے سفیر برن ہارڈ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے ہمارے اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کو بھی افغانستان نکالا جائے۔

The post ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں، وزیر داخلہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email