ملک کی سلامتی اور امن ہمیں ہر حال میں مقدم ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور امن ہمیں ہر حال میں مقدم ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں  ملک کو درپیش چیلنجز، افغانستان، مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی اور پاک فوج کی قربانیوں کا تذکرہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ آج کے دن شہدا اور ان کے ورثا کے عز م و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے اپنے پیاروں کی جو قربانی دی اس کی پوری قوم مقروض ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں نہ کبھی فراموش ہوں گی اور نہ رائیگاں جائیں گی۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے  یہ بھی کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد اسی عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کو کبھی نہ بھولیں اور ان کے ورثا کی نگہبانی ہماری ذمہ داری ہے ۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور قوم کے رشتے نے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا، عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی فوج ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے جیسے ہمسایہ ملک میں دیکھا، فوج کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہے۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ  کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے، ہر آزمائش میں افواج پاکستان نے ثابت کیا ہےکہ مسلح افواج ہر طرح کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ہم انشا اللہ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنی قربانی سے آزادی کی جو شمع جلائی، اس سے ابتداہی سے کڑے امتحانوں کا سامنا کرنا پڑا، 1948 ہو یا ستمبر 1965 کی جنگ، یا 1971 کی لڑائی، معرکہ کارگل ہو یا دہشت گردی کے خلاف طویل اور صبر آزما جنگ نے ثابت کیا کہ ہم ہر حالت میں اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ  کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں جس کا مقصد پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا ہے لیکن ایسے منفی عزائم کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

The post ملک کی سلامتی اور امن ہمیں ہر حال میں مقدم ہے، آرمی چیف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email