اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم سمیت پوری حکومتی مشینری کی توجہ اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے پر مرکوذ ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ساڑھے 12 فیصد ہو گئی ہے آٹا، مرغی اور پیاز سمیت 17 اشیا مہنگی ہوئی ہیں، اپوزیشن پر جھوٹے کیسوں سے جن میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکے اس سے غریب کا ٹھنڈا چولہا جل جائے گا؟

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آٹے کا تھیلا 27 روپے مہنگا ہو گیا اور کسی کو پرواہ تک نہیں خدا کا خوف کرو ورنہ وہ عوام ہی نہیں رہیں گے جن کے سر پر تم مسلط کر دیئے گئے ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے مہنگائی کا نیا سیلاب عوام کو بہا لے جائے گا، ڈالر کی قیمت بھی 166 روپے تک پہنچ گئی ہے تجارتی خسارہ نئے ریکارڈ توڑ رہا ہے، حکومت کی خوشحالی اور ترقی کی باتیں صرف اشتہارات تک محدود ہیں لیکن عوام ان کی حقیقت اچھی طرح سے جان چکی ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ پر ہی بتا دیا تھا کہ مہنگائی کا نیا سیلاب آئے گا حکومتی ترجمانوں کی بےحسی کا عالم یہ ہے کہ وہ گاڑیوں کی فروخت کو خوشحالی سے تعبیر کرتے ہیں، وزیراعظم سیمنٹ اور سریے کی فروخت کو ترقی کہتے ہیں کیا لوگ سیمنٹ اور سریا کھا کر اپنا پیٹ بھریں؟

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ جتنی توجہ ذاتی انتقام پر دی جا رہی ہے اس کا آدھا بھی عوام کی حالت بدلنے پر لگائی ہوتی تو آج یوں اشتہارات چھپوا کر کارکردگی نہ بتانا پڑتی۔

The post اس حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے، حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email