فری لانسرز ملک کی معیشت کے استحکام کیلئے بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں، امین الحق

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن و فری لانسرز ملک کی معیشت کے استحکام اور زرمبادلہ کمانے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے دو روزہ فری لانسرز کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، کانفرنس میں وزارت آئی ٹی کے اعلیٰ افسران سمیت وزارت خزانہ، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک حکام اور سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ حکام نے بھی شرکت کی۔

 امین الحق نے اس موقع پر کہا کہ فری لانسرز پالیسی ڈرافٹ میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کررہے ہیں۔ آئی انڈسٹری میں فری لانسرز کا اہم ترین کردار ہے جنہوں نے گزشتہ سال 396 ملین ڈالرز کی برآمدی ترسیلات حاصل کیں اور آئندہ تین برسوں میں فری لانسرز کیلئے آئی ٹی ایکسپورٹ کی مد میں 3 ارب ڈالرز کا ہدف رکھا ہے۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ٹی مصنوعات کی ایکسپورٹ میں گزشتہ سال 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز سے زائد کی ریکارڈ ترسیلات حاصل کی گئیں جس میں فری لانسرز کا حصہ 17 فیصد لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں 101 فیصد اضافے کے ساتھ 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تھا ہمیں معلوم ہے کہ فری لانسرز کو بینک اکاؤنٹس کھولنے، ترسیلات کے حصول سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے جس کے تدارک کیلئے فری لانسرز پالیسی ڈرافٹ بنا لیا گیا ہے تاہم اس میں اسٹیک ہولڈرز خاص طور پر خود فری لانسرز سے مشاورت اہم ہے۔

امین الحق نے مزید کہا کہ اسی مقصد کیلئے اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تاکہ آزادانہ طریقے سے تجاویز مل سکیں جس کے بعد حتمی ڈرافٹ تیار کرکے کابینہ سے اس کی منظوری لی جائے گی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسپیکٹرم کی نیلامی وقت مقررہ پر کروانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور یہ ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اضافی اسپیکٹرم حاصل کریں۔

The post فری لانسرز ملک کی معیشت کے استحکام کیلئے بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں، امین الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email