افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن کے فروغ کیلئے ضروری ہے،شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن  کے فروغ کیلئے ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب اور برطاننوی  ہم نصاب سے مشترکہ نیوز کانفرنس  کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا یہ دورہ ایسے تاریخی وقت پر ہو رہا ہے جب افغانستان کی صورتحال اہم تاریخی موڑ سے گزر رہی ہے، میرا 16 اگست اور 27 اگست کو آپ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں ہم نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا تھا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعظم برطانیہ بورس جانسن کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال  کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے لگائے گئے تمام اندازے اور پشین گویاں غلط ثابت ہوئیں ہیں، اطمینان بخش بات یہ ہے کہ افغانستان میں حالیہ تبدیلی کے دوران کوئی خون خرابہ نہیں ہوا ہے، طالبان کی قیادت کی جانب سے عام معافی، حقوق کے تحفظ اور افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے متعلق بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں 40 سال سے جاری جنگ و جدل کے خاتمے کا ایک سنہری اور تاریخی موقع ہے، عالمی برادری کو 90 کی دہائی میں کی گئی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان کی انسانی و مالی معاونت کو یقینی بنانے کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےمزید کہا ہے کہ افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو خانہ جنگی، معاشی بحران، مہاجرین کی یلغار سمیت کئی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، ہمیں اس نازک موقع پر امن مخالف قوتوں “اسپائیلرز” پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو افغانستان میں امن کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے متحرک ہیں۔

ان کا مزید کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے ضروری ہے، پاکستان نے 24 ممالک کے سفارتی عملے، شہریوں، اور بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں کو، کابل سے انخلاء میں معاونت فراہم کی ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان اور برطانیہ، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ نیوز کانفرنس میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران کی شرکت کی ہے۔

The post افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے امن کے فروغ کیلئے ضروری ہے،شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email