بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوفزدہ ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوفزدہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ سید علی گیلانی کا جسد خاکی اس وقت بھارتی فورسز نے قبضے میں لیا جب ان کی تدفین کی تیاری کی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تدفین کی تیاری کے وقت بھارتی قابض فورسز کے دستے نے سری نگر میں سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپا مارا ، قابض فورسز نے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں کیا ، سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے۔

خاندان کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کو سری نگر کے شہدا قبرستان میں سپردخاک کیا جانا تھا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی کو اپنی پسند کی جگہ پر تدفین کی اجازت نہیں دیں گے ، سید علی گیلانی کے ساتھ ان کی موت کے بعد بھی غیر انسانی رویہ روا رکھا جا رہا ہے ، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام سول اور انسانی اقدار کو پامال کر رکھا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی میڈیا سید علی گیلانی کی تدفین اور وادی میں کرفیو کے نفاذ کی خبریں دے رہا ہے ، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے اس ناروا رویے کا سخت نوٹس لے۔

The post بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوفزدہ ہے ، ترجمان دفتر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email