حکومتی سینیٹر لوگوں میں نوکریاں اور پیسے بانٹ رہے ہیں ، خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومتی سینیٹر لوگوں میں نوکریاں اور پیسے بانٹ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے تحریری شکایات جمع کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے ، گورنر ہاؤس میں آزاد امیدواروں کو بٹھایا جارہا ہے ، خلاف قانون جاکر افسران کے ٹرانسفرز کیے جا رہے ہیں ، تین سال بعد حکومت کو انفراسٹرکچر کا خیال آگیا ہے ، نئے پاکستان کے ٹھیکیداروں نے ذاتی مفادات کیلئے اداروں کو استعمال کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ن لیگ کے حلقوں میں ووٹوں کی خرید وفروخت کا دھندا جاری ہے ، ہم الرٹ ہیں عوام اپنے ووٹ پر پہرہ دے گی ، آزاد کشمیر اور سیالکوٹ والا کھیل کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں نہیں ہونے دیں گے ، مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت ردعمل آئے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کو ہمارے لوگوں کو 48 گھنٹے پہلے اٹھانے کا وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹاسک دیا ہے ، الیکشن کمیشن اپنی آنکھیں کھولیں اور ووٹ کی حرمت کی حفاظت کرے ، ڈسکہ میں ملوث لوگوں کو سزا مل جاتی تو کسی کو ووٹ چوری کی جرآت نہیں ہوتی۔

The post حکومتی سینیٹر لوگوں میں نوکریاں اور پیسے بانٹ رہے ہیں ، خواجہ سعد رفیق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email