آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لئے موبائل ایپ تیار

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لئے موبائل ایپ تیار کرلی۔

نادرا ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے  مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی آئی ٹی لیب میں تیار کی گئی دنیا کی  پہلی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی ’پاک آئیڈینٹٹی‘ ایپ کا افتتاح کیا ۔

نادرا کے مطابق  اس ایپ کی تیاری کے بعد دنیا میں پہلی بار پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل پر ہی فنگر پرنٹس بھی لئے جاسکیں گے۔ موبائل ایپ پروگرام میں موبائل پر لائیو بائیومیٹرک (انگلیوں کے نشان) کے حصول کے ساتھ ساتھ تصدیق بھی ہو سکے گی۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ موبائل کےذریعے انگلیوں کے نشان کے حصول کی سہولت ایک نئے دور کا آغاز ہے، یہ اقدام معیشت کے کئی شعبوں میں انقلاب برپاکرسکتی ہے۔

چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل شعبے میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہونہار پاکستانی نوجوان نہ صرف بے شمار نئی مصنوعات، خدمات اور سہولیات متعارف کرا سکیں گے۔

طارق ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایمیزون اور پے پال جیسے بڑے آن لائن عالمی اداروں کا اعتماد بڑھے گا جبکہ ایمازون جیسے ادارے بھی پاکستان میں اپنا کاروبار بڑھانے اور پاکستانی صارفین کو اپنی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کی طرف مائل ہوں گے۔

چیئرمین نادرا طارق ملک کا مزید کہنا کہ نادرا کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ پر بیرونِ ملک میں مقیم پاکستانی بھی شناختی کارڈ کی تجدید یا تبدیلی کے حوالے سے آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں جبکہ شہریوں کو بھی ایک کلک پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔

The post آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لئے موبائل ایپ تیار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email