ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

 تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے  بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی ہدایت دی ۔

عبد القیوم نیازی نے کہا کہ قانون کی عملدراری ، شفافیت، میرٹ، بلاتخصیص احتساب ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ سیاحت کا فروغ اور کفایت شعاری اپنانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ریاست کو خود کفیل بنائیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی  سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی مظفر آباد میں ملاقات ہوئی تھی جس میں کشمیر پریمیئر لیگ اور نوجوانوں کیلئے بہترین کھیلوں کی سرگرمیاں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ ہم نے کے پی ایل کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں، ہم نے کے پی ایل کو سیاست سے پاک رکھا، فائنل میں تمام جماعتوں کے نمائندوں کے مدعو کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا تھا کہ بھارت کا واویلا اور چیخیں ہی کے پی ایل کی کامیابی ہے آج کے پی ایل کی وجہ سے بھارت کی چیخیں دنیا بھر کو سنائی دے رہی ہیں۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے مزید کہا تھا کہ کے پی ایل کے دوسرے سیزن کو مزید شاندار بنانے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔

The post ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email