آج پی ڈی ایم نے صرف شو کیا جس میں کوئی پاور نہیں تھی ، فواد حسین

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم نے صرف شو کیا جس میں کوئی پاور نہیں تھی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نااہل اور غیر سنجیدہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ میں  دیکھنے کو نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کراچی جلسہ دراصل پیپلزپارٹی کے خلاف تھا ،یہ آئندہ سات سال بھی احتجاجی بینرز اٹھا کر گزارا کریں گے۔

فواد حسین کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پر ”برادر خورد نہ باش‘ کا محاورہ صادق آتا ہے مگر عوام کے ذہنوں میں یہ نعرہ “شیر آٹا کھا گیا” ابھی تازہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز صاحب مہنگائی اس لئے ہوئی کیونکہ آپ کے بڑے بھائی داماد اور صاحبزادگان عوام کی جیب کاٹ کر لندن چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں  سے اقتدار پر مسلط موروثی خاندان  کراچی کی ابتری اور سندھ کی بدحالی کے ذمے دار ہیں، سندھ کی عوام سوال کر رہی ہے کہ ان کا سرمایہ کہاں گیا؟

فواد حسین کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے پیش نظر جلسوں کی صورت قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان حالات میں انہیں اپنے کارکنان سے کہنا چاہئیے تھا کہ خود کو گھر تک محدود کرلیں لیکن یہ ذاتی سیاسی مفادات کی خاطر اپنے کارکنان کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی؟

فواد حسین کا کہنا تھا کہ کورونا سے اپنوں کو کھونے والی باشعورعوام انھیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا صاحب سے گزارش ہے اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لئے خود کو مزید رسوا نہ کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہ ہو سکا ،ایم ایم اے کی مثال سب کے سامنے ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ کوئی شک نہیں سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔

The post آج پی ڈی ایم نے صرف شو کیا جس میں کوئی پاور نہیں تھی ، فواد حسین appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email