بنی گالا کے ڈاکوؤں کا راج ختم ہونے والا ہے ، حسن مرتضٰی

پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضٰی نے کہا ہے کہ بنی گالا کے ڈاکوؤں کا راج ختم ہونے والا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضٰی نے فیاض الحسن چوہان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کو صرف ایک کام آتا ہے اور وہ ہے لوٹ مار۔

حسن مرتضٰی نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کے اس ٹولے نے فیاض چوہان اور ان جیسے درجنوں ترجمان رکھے ہوئے ہیں، ’’وچوں وچوں کھائی جاؤ اتوں رولا پائی جاؤ‘‘ چل رہا ہے۔

پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب کا کہنا ہے کہ بنی گالا کے ڈاکو جتنی بڑی ڈکیتی کرتے ہیں فیاض چوہان اتنا زیادہ شور مچاتے ہیں، پنجاب میں تین سالوں میں پانچ چھ چیف سیکرٹری اور آئی جی ان کی رشوت ستانی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدار جتنا حرام کا مال بناتا ہے ایمانداری سے بنی گالا پہنچا دیتا ہے، عثمان بزدار میں ایک اہلیت ہے کہ وہ حرام کی کمائی میں خیانت نہیں کرتا کپتان کو پورا حصہ دیتا ہے۔

حسن مرتضٰی نے کہا کہ انہوں نے پنجاب کو تباہ کر دیا اب تو امن و امان تک قابو میں نہیں رہا، بنی گالا کے ڈاکوؤں کی دیکھا دیکھی اب تو رہزنیاں بھی بڑھ گئی ہیں، چوروں کے ترجمانوں کا چیخنا چلانا ان کے خوف کی علامت ہے۔

پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضٰی نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی سے نکلتے ہیں تو بنی گالا والوں کی نیندیں اڑ جاتی ہیں، چیئرمین کے پنجاب آنے کا سن کر ان کے ترجمان باولے ہو گئے ہیں۔

The post بنی گالا کے ڈاکوؤں کا راج ختم ہونے والا ہے ، حسن مرتضٰی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email