پاکستان میں کورونا وباء کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وباء کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا  جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب کو، جرمنی، ہالینڈ ،بیلجیئم ،ڈنمارک ، سویڈن اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے حالیہ روابط سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےبرطانوی ہم منصب کو افغانستان کے تناظر میں ، علاقائی سطح پر مربوط لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے، کیے گئے، چارملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ “ریڈ لسٹ” کا معاملہ اٹھایا اور “ریڈ لسٹ “کے باعث برطانوی پاکستانیوں اور طلباء کو درپیش سفری مشکلات سے  بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے لگائے گئے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے، ہم کل کابل ایئرپورٹ پر ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بہت سی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اچانک تبدیل ہونے والی صورتحال سب کیلئے حیران کن تھی، طالبان کی جانب سے، جنگ کے خاتمے، عام معافی کے اعلان، انسانی حقوق کے تحفظ اور افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہ کرنے کے حوالے سے منظر عام پر آنے والے بیانات، حوصلہ افزاء پیں۔

 شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے، قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے، پر امن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فی الوقت  ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں اجتماعیت کے حامل، جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے، عالمی برادری، ماضی کی غلطیوں سے اجتناب کرتے ہوئے ،  افغانستان کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دےاور ان  کی معاونت کو یقینی بنائے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اس نازک مرحلے پر، ہمیں  ایسے عناصر سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے جو امن کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، ہمیں توقع ہے کہ برطانوی حکومت، اس صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے،پاکستان کو “ریڈ لسٹ” پر رکھنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان ، برطانیہ سمیت افغانستان سے واپسی کے منتظر،مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلاء کیلئے، بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے۔

اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل سے برطانوی شہریوں کے انخلاء میں پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

The post پاکستان میں کورونا وباء کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email