آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کے انتہائی شکر گزار ہیں، افغان وفد

پاکستان میں موجود افغان وفد کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کے انتہائی شکر گزار ہیں۔

اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان سیاسی رہنماؤں کے وفد نے کہا کہ پاکستان کی کابینہ کی دعوت پر اسلام آباد آئے، افغانستان میں چند مسائل کے باعث دورہ ایک ماہ تاخیر سے ہوا، 15 اگست کو جب یہ دورہ شروع کیا کابل میں صورتحال تبدیل ہوگئی،  افغانستان میں پرامن جامع سیاسی تصفیہ کے راہ ہموار کرنے کے لیے دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام، عالمی برادری کی امنگوں کے برعکس فوجی حل کو ترجیح دی گئی، افغانستان میں مسائل کے فوجی حل پر شدید تشویش ہے، افغانستان کا امن عمل سبوتاژ ہوا تاہم اس میں مواقع بھی موجود ہے۔

افغان وفد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی سے انتہائی مفید ملاقاتیں ہوئیں، افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل تک، عوام، بچوں، خواتین کو تشدد سے بچانے کے دو اہداف ہیں، افغانستان میں طالبان کے زیر اثر نہ آنے والے علاقوں کو جنگ و جدل سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستان کا افغانستان کے بارے میں موقف انتہائی واضح ہے، افغانستان میں تمام مکاتب فکر کی مشترکہ حکومت ہی اہمیت کی حامل ہو گی،  عوام کو حق شہریت، انسانی حقوق، ووٹ کا حق اور بنیادی حقوق کی فراہمی ناگزیر ہے۔  افغانستان میں کسی ایک جماعت کی حکومت قابل قبول نہیں۔ طالبان نے 1996ء کی غلطیاں دہرائیں تو ان کا انجام پہلے جیسا ہوگا، اگر وہ تبدیل ہو چکے تو اس کا اپنے عمل سے یقین دلائیں، افغانستان میں حکومت تمام سیاسی جماعتوں اور تمام اکائیوں کی شمولیت سے ہی ممکن ہے۔ افغانستان میں ایسا آئین قابل قبول ہو گا جو عوام کو تحفظ اور تمام حقوق دے۔

افغان وفد کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں یک جماعتی اجارہ دارانہ حکومت ناقابل قبول ہوگی،  پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت کی جانب سے نئی اور غیرجانبدارانہ افغان پالیسی ملی۔  پاکستان تبدیل ہو چکا، افغانستان میں بھی سوچ میں تبدیلی ناگزیر ہے۔

The post آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کے انتہائی شکر گزار ہیں، افغان وفد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email