ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشورہ محرم الحرام کے  موقع  پر  قوم  کے نام پیغام میں کہا کہ آج محرم الحرام 1443ھ کی دس تاریخ ہے جسے یوم عاشورہ بھی کہا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوم عاشور اسلام کی آمد سے قبل بھی اہم خصوصیات کا حامل رہا ہے، نواسئہ رسول ﷺ کی شہادت سے اسکی اہمیت اور زیادہ ہو گئی ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت المناک اور درد انگیز واقعہ ہے، اُمت صدیاں گذرنے کے باوجود اُن کی شہادت پر آج بھی افسردہ اور غم ناک ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے، نواسئہ رسول  اور جگر گوشہ بتول سیّدنا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے یزید کے جبر واستبداد اور ظلم وستم کو ماننے سے انکار کردیا۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کو رفقاء سمیت میدان کربلا میں شہید کردیا گیا۔ امام  عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید کی  حکومت کو تسلیم کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امام عالی مقام نےاپنے اسوۂ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے، قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اسوۂِ شبیری باطل سے ٹکراؤ کا ایک استعارہ بن چکاہے، یہ جرأت وبہادری کا وہ مینار نور ہے جہاں سے ہمیشہ کے لیے ظلم وتشدد اور بربریت کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں، حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔

 عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جھوٹ اور مکر وفریب کی ہر چال کو ناکام بناتے ہوئے امام عالی مقام کو خراجِ عقیدت پیش کریں، دینِ اسلام کے جن  اصولوں کی خاطرحضرت امام حسینؓ نےآلِ رسولﷺ کی شہادت پیش کی۔ ان اصولوں کی علمبرداری کے لیے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہادت حضرت امام حسینؓ کا  یہ پیغام ہے کہ باطل بظاھر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے ، حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔

 عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا  فرمائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں، کورونا سے  متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں۔ ملک پاکستان اس وباء کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ ومامون ہو جائے ،اللہ تعالٰی ہمارا حامی وناصر ہو پاکستان پائندہ باد۔

The post ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email