ہم سے زیادہ پاکستان کا کوئی وفادار نہیں، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم سے زیادہ پاکستان کا کوئی وفادار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا، جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ مسلم لیگ ن کا وفد شہباز شریف کی قیادت میں شریک ہوا، نواز شریف اور مریم نواز  بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز مے ویڈیو لنک سے شرکت کی جبکہ اجلاس میں داخلہ اور خارجہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اتفاق کیا گیا کہ ملک سنگین داخلی اور خارجی خطرات سے دوچار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت ہر محاذ ہر ناکام ہوچکی ہے، سنگین خارجہ خطرات نے ملک کو تنہائی کا شکار کردیا ہے، سلامتی کونسل میں پاکستان کو بیٹھنے نہیں دیا گیا۔ افغانستان کے مسئلے کا حل فریقین کے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ سیاسی طور پر مستحکم افغانستان پاکستان کے حق میں ہے، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو افغانستان مسئلہ پر آگاہ کیا جائے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں مہنگائی، بےروزگاری کی مذمت کی ہے، ظالمانہ ٹیکس اور آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے، 21 اگست کو سٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں تجاویز پر رائے دی جائے گی جبکہ 28  اگست کو کراچی میں سربراہی اجلاس میں سٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی جائے گی اور 29  اگست کو پی ڈی ایم کے تحت عظیم الشان جلسہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اداروں کو آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا چاہیے، انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم مشین کے یکطرفہ اقدامات مسترد کرتے ہیں، ای وی ایم مشین دھاندلی کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے، ملک پر ووٹ چور سلیکٹڈ حکومت مسلط ہے،ان کی ہر قانون سازی مسترد کرتے ہیں۔ نیب اور ایف آئی اے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔

The post ہم سے زیادہ پاکستان کا کوئی وفادار نہیں، مولانا فضل الرحمان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email