بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کا مشن، ملک بھر میں آج یوم استحصال منایاجائیگا

بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے اور پاکستان میں بھارت کے خلاف یوم استحصال منانے کی  بھرپور تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے فوجی محاصرے کو دو برس مکمل ہونے کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے قوم آج یومِ استحصال منائے گی۔

آج صبح 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی  اختیار کی جائیگی۔

پانچ اگست 2019ء کو مودی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کیخلاف بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کی مذمت کیلئے متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت سمیت تمام بڑے شہروں میں ایک میل کی یکجہتی واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں واک کی قیادت کریں گے۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومتوں اور گلگت بلتستان میں بھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا  جائے گا جبکہ اسلام آباد کی کشمیر ہائی وے کا نام بدل کر سری نگر ہائی وے  رکھ دیا جائے گا۔

The post بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کا مشن، ملک بھر میں آج یوم استحصال منایاجائیگا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email