مقبوضہ کشمیر کی عوام کو مسلسل تشدد واموات کا سامنا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو مسلسل ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں کے دوران تشدد واموات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم استحصال کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو دو سال بیت چکے، ان اقدامات کے بعد بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنے غیرقانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے غیرمعمولی فوجی محاصرہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو جبری حراست، اجتماعی سزا کی اذیت سے دو چار کیا جارہا ہے، بھارت نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں پرپابندیاں عائد کردیں، اس کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے عزم صمیم کو متزلزل نہیں کرسکا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کو مسلسل ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں کے دوران تشدد واموات کا سامنا ہے جبکہ کشمیریوں کے گھروں کو جلانے ، لوٹ مار کے علاوہ انسانی حقوق کی دیگر بدترین پامالیوں کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کیے، ڈومیسائل قواعد اور اراضی ملکیت کے قوانین سے متعلق اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیرکے جغرافیائی ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت غیر قانونی طور پر کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، یہ اقدامات اقوام متحدہ منشور، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مخالف ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، کشمیری عوام اور بین الاقوامی برادری نے ان اقدامات کو بھرپور انداز میں یکسر مسترد کیا ہے جبکہ اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر، یورپی پارلیمنٹ نے بھی بھارت پر کڑی تنقید کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سمیت متعدد بین الاقوامی اداروں اور مختلف انسانی حقوق کے ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھارت کے ان غیرقانونی اقدامات پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے بھارتی جبرو استبداد کے سامنے ثابت قدمی اور استقلال کے مظاہرے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی عوام کی بے مثال جرأت، لازوال قربانیوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری اپنے جائز حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرعزم جدوجہد کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں روز اول سے بھارت تمام یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اورعالمی ذرائع ابلاغ سمیت بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کریں۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں کشمیر کاز سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں، ہم کشمیری عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں وکشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل تک اپنی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے۔

The post مقبوضہ کشمیر کی عوام کو مسلسل تشدد واموات کا سامنا ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email