قرنطینہ بونی میں کورونا کے تین مریض صحت یاب

بونی(زیل نمائندہ) اپر چترال آئسولیشن سنٹر بونی سے تین مزید کرونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹ منفی آنے پر فارغ کر دیا گیا۔ صحت یاب ہونے والوں میں شاگرام کے غلام رسول، تریچ کے ہدایت الرحمن اور سرغوز کے صاحب شریف خان شامل ہیں۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کو گھر بھیجنے کے موقع پر انتظامیہ اپر چترال کی طرف سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر  اپر چترال مکرم خان،ایس۔ڈی۔پی۔او۔ بونی جہان زیب خان، سنئیر میڈیکل آفیسر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونی ڈاکٹر سردار نواز اور تحصیلدار رب نواز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صحت یاب ہونے والے افراد کوانتظامیہ کی طرف سے ٹوپی اور ہار پہنائے گئے اور پیکیج دیا گیا۔  ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال مکرم خان نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آپ کورونا جیسے موذی مرض سے قلیل مدت میں صحت یاب ہوکر آج گھر جا رہے ہیں۔  اس موقع پر موجود ڈاکٹر سردار نواز صحت یاب ہونے والو ں سے کہا کہ آپ ہر گز اس بات پر لا پر واہی نہ برتی کہ آپ لوگوں  کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور آپ صحت یاب ہوئے ہیں بلکہ گھر جا کر کم از کم دس دن تک خود کو تنہائی میں رکھیں۔ اس موقع پر صحت یاب ہونے والے مریضوں نے اپر چترال انتظامیہ،ہسپتال عملہ اور ڈیوٹی پر موجود فورس کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر وقت ان کے ساتھ بہترین تعاون کرتے ہوئے انہیں احساس ہونے نہ دیا کہ وہ کورونا کے مریض ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email