پامیر ٹی وی سے چترال آئیکون پروگرام کے تحت نعتیہ مقابلے اختتام پذیر

کوغذی(زیل نمائندہ) چترال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چترال آئیکون پروگرام کے تحت پامیر ٹیلی ویژن کوغذی کے اسٹوڈیوزسے   نعتیہ مقابلے  گزشتہ دنوں اختتام پذیر ہوئے ۔ علاقہ کوہ کے نعت خوانوں کے مابین اس مقابلے کے لیے کل ۶ راؤنڈز منعقد ہوئے جہاں منصفیں نے بہترین  نعت خوانوں کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا۔چترال آئیکو ن کے نام سے اس نعتیہ مقابلے میں موری بالا سے لے کر کجوتک ۱۴ دیہات میں ۵ مقامات پر آڈیشنز ہوئے اور باقاعدہ مقابلہ پامیر ٹی وی اسٹوڈیوز کوغذی سے نشرہوا۔  پہلے راؤنڈ میں ۲۸ نعت خوانوں نے شرکت کرکے عقیدت کے پھول نچھاور کیے جبکہ دوسرے،تیسرے ،چوتھے،پانچویں ، چھٹے اور(آخری)راؤنڈ میں بالترتیب اٹھارہ،تیرہ،نو،چھے اور تین نعت خوان آخری مقابلے کے لیے منتخب ہوئے  ۔

چترال آئیکون کے لیے تین نعت خوانوں کے مابین آخری مقابلہ پامیر ٹی وی  کوغذی کے اسٹوڈیوز میں منعقد ہوا۔فائنل راؤنڈ میں پہلی  پوزیشن موری بالا کے ا اصغردرانی نے حاصل کی اور  چترال آئیکوں میں بہترین نعت خوان کے ساتھ  ۱۰ہزار نقد انعام بھی وصول کیا۔ دوسری پوزیشن کجو کے عزیزاللہ نے حاصل کی اور ۵ ہزارروپے انعام کا حقدار ٹہرا۔ اس مقابلے میں تیسری پوزیشن کجو کے فواد جلیل نے حاصل کی اور ۳ ہزار روپےانعام بھی پایا۔

چترال آئیکون پروگرام کے تحت علاقہ کوہ کے نعت خوانوں کے مابین آخری مقابلے کے موقع پر بہت بڑی تعداد میں عمائدین علاقہ، نعت خوانوں کے سرپرست اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی۔ عقیدت کے اس محفل میں  شریف حسین  اور دوسرے معززین نے مقابلے میں شریک تمام نعت خوانوں کو اعزازی سرٹیفیکٹ   اور منصفین کو تعریفی سرٹیفیکٹ سے نوازا ۔مختلف  مرحلوں میں ججزکے فرائض محبوب حسین محبوب، نورولی شاہ انور،پروفیسر مفتی غیاث الدین ،قاری بشیر احمد ،قاری مطیع الرحمان ،مولانا فضل الرحمن احقر  اور اقرارالدین خسروجبکہ نظامت کے فرائض ولی زمان مسرور نے انجام دیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شریف حسین نے پامیرٹی وی کوغذی کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے  شاندار اور بابرکت محفل نعت منعقد کرنے پر پامیرٹی وی  انتظامیہ کوغذی کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ آنے وقتوں میں بھی اسی طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرکے نوجوان نسل میں مقابلے کارجحان پیدا کرنے کو شش کی جائے گی۔ پامیر ٹی وی کوغذی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد نایا ب نے کہا کہ آئندہ سال سے پامیر ٹی وی کوغذی ہر ربیع الاول کی بابر کت ساعتوں میں اسی قسم کے نعتیہ مقابلوں کا انعقاد پورے چترال کی سطح تک کرے گا اور چترال آئیکوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Print Friendly, PDF & Email