اسماعیلی کمیونٹی کے رضاکاروں نے سڑک کی مرمت کرکے قابل تقلید مثال قائم کی

چترال(زیل نمائندہ)کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی چترال تا گرم چشمہ سڑک کی مرمت کرکے اسماعیلی کمیونٹی کے رضاکاروں نے متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے قابل تقلید مثال قائم کردی۔اسماعیلی کمیونٹی کے دو سو کے قریب رضاکاروں نے گھروں سے بیلچہ، کدال، ہتھ ریڑی  اٹھا کر سڑک پر آئے اور مزدا گاڑی میں باہر سے مٹی، بجری اور ریت لاتے ہوئے جو کھڈے تھے اسے بند کرکے ہموار کیا۔ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے شہزادہ رضا ء الملک نے کہا کہ ہم ان رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی مرمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیو پل کے قریب سڑک دریا کی جانب ٹوٹ چکی ہے جہاں پہلے بھی ایک حادثہ پیش آیا تھا اور محکمہ مواصلات یعنی  کمیونیکیشن اینڈ ورکس  نے تین ماہ گزرنے کے باوجود اس کی مرمت کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسا نہ ہو کہ سڑک تو بلچ  سینگور میں مقیم اسماعیلی رضاکاروں نے مرمت کی مگر اس کی مرمت کا فنڈ بھی C&W والے نکال کر کسی ٹھیکدار کے نام نہ کردے اور اپنی کمیشن کے لیے   سرکاری خزانے کو ٹیکہ نہ لگائیں۔

واضح رہے کہ یہ سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان کے حلقہ نیابت کی واحد سڑک  ہے جو کھنڈرات کا منظر پیش کررہی  ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے روڈ کولی گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں اور سڑک کی مرمت کے لیے  ایک دن بھی ڈیوٹی نہیں کرتے  اوریہی وجہ ہے کہ اس سڑک کے بیچ میں اتنے بڑے کھڈے بن چکے تھے کہ مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے جان بحق ہونے کا خطرہ ہے۔ سڑک کی خرابی کی وجہ سے آئے روز حادثات کا بھی خدشہ تھا تو اسماعیلی رضاکاروں نے  اپنی مدد آپ کے تحت سڑک میں مٹی ڈال کرے اسے ہموار کیا تاکہ اس پر گاڑیاں  آرام سے جاسکیں۔

(ads2)

مقامی لوگوں نے ان رضاکاروں کی اس اقدام کو نہایت سراہا اور صوبائی حکومت  کے ساتھ وفاقی حکومت پر بھی تنقید کی کہ کئی سالوں سے یہ سڑک خراب پڑی ہے مگر اس کی مرمت کے لیے حکومت  نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔شہزادہ رضا ء الملک نے بلچ میں ایک بینر بھی آویزاں کیا ہے جس میں انہوں نے کور کمانڈر پشاور، انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس اور آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ  وہ  اس  سڑک کو ایف ڈبلیو او یعنی فوجی تعمیراتی کمپنی کے ذریعے جلد از جلد بنوائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email