کالاش وادیوں میں چاؤمس کا تہوار بھرپورطریقے سے  منایاجارہا ہے

کالاش ویلیز(زیل نمائندہ) چترال کے تین وادیوں رومبور،بمبوریت اور بیریر میں آباد قدیم ثقافت و تہذیب کے امین لوگ کالاش قبیلے کا سردی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ ہر سال ۷ دسمبرسے ۲۲ دسمبرتک جاری رہنے والے اس تہوار کو کالاش مذہب میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ چاؤمس تہوارمیں منڈاہیک اور شارا بیرایک کی رسم ادا کی جاتی ہے۔منڈاہیک میں کالاشی اپنے گھروں میں آٹے سے مختلف اشیاء بناتے ہیں جن کو آگ میں پکانے کے بعد دھوپ میں رکھا جاتا ہے اور تیار ہوجانے کے بعد انہیں اپنے ہمسایوں میں تحفہ کے طور پر تقسیم کرتے ہیں  جس کا مقصد خوشحالی ، سالگرہ اور چاؤمس فیسٹیول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ اس دوران کالاش  اپنے رسمی گانے ، نغمے گنگنا کر خوشی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ منڈاہیک رسم میں کالاشی قبیلے کے افراد ہاتھوں میں پائن درخت کی لکڑی میں آگ جلا کر پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جو کے ان کے وفات پا جانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں ہوتی ہیں۔چاؤمس تہوار کو بھرپورانداز میں منانے کے لیے ٹوارزم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر سیاحت ، ثقافت ، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان عاطف خان کی ہدایت پر کالاش قبیلے کا تاریخی اور ثقافتی چاؤمس تہوارکو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور تہوار کو بھر پور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر  کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح کالاش وادیوں کا رخ کرتے ہیں اور کڑاکے کی سردی میں اس تہوار سے محظوظ ہوتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email