چترال کے معروف وکیل کے گھر میں ڈکیتی

چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے معروف قانون دان ظفر حیات ایڈوکیٹ کے گھر میں رات کو نامعلوم افراد نے ڈاکہ ڈال کےچالیس تولہ سونا لے اڑے۔ ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے ظفر حیات ایڈوکیٹ نے کہا کہ وہ ایک مقدمہ کے سلسلے میں دار القضا سوات گئے تھے جبکہ اس کے بچے ننھیال گئے تھے اور گھر خالی تھا۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رات کی تاریکی میں نامعلوم چور میرے گھر میں داخل ہوکر میری بیوی کے 40 تولہ زیورات اور میری الماری سے 396 ڈالر چوری کر کے لے گئے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ چوروں نے نہ صرف میرے گھر کی تمام الماریوں کی تلاشی  لی بلکہ شو کیس پر میری تصویر کو بھی چاقو سے پھاڑا  کر خراب کیا ہےاور ساتھ ہی گھر کے اندر آگ کے منقل (انگیٹھی ) پڑی تھی اسے بھی الٹا کرکے سامان پر پھینکا  گیاتاکہ گھر کو آگ لگ جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پچھلے سال اس کے دوسرے گھر جو بلچ میں واقع ہے وہاں بھی نامعلوم افراد نے رات کے اندھیرے میں  گھس کر 2000 ہزار امریکی ڈالر اور2 لاکھ پاکستانی نقدی لے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ  اس  حالیہ واقعے کی خبر مجھے بذریعہ فون ملی تو میں نے اپنے سالے کے ذریعے تھانہ چترال میں رپورٹ درج کرائی۔
ان کا مطالبہ ہے کہ پولیس رات کے وقت بھی محتلف جگہوں پر گشت لگایا کرے اور منشیات فروشوں کی طرح ان چوروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرے۔
اس سلسلے میں جب چترال پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں تفتیش کررہے ہیں مگر ابھی تک کسی چور کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email