سیف علی جنجوعہ کا یوم شہادت ،ڈی جی آئی ایس پی آر کا خراج عقیدت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے نائیک سیف علی جنجوعہ کے 73 ویں شہادت پر انہیں بھرپور خراج عقیدت عقیدت پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ نے جرات اور بہادری سے پیر کلوایہ چوٹی کے مقام پر 1948ء میں بھارتی حملہ پسپا کیا، نائیک سیف علی جنجوعہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ قیام پاکستان کے ایک سال بعد ہی کشمیر کے جری سپوت نے بھارتی فوج کو دھول چٹا دی،جرآت اور بہادری کا مظاہرہ کرنیوالے ہیرو نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کا آج یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل نکیال کے ایک گاوں میں 23 اپریل 1922ء میں پیدا ہونے والے سیف علی جنجوعہ نے 18 سال کی عمر میں برٹش انڈین آرمی کی رائل کور میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی،اس دوران وہ دوسری جنگ عظیم میں چار سال بیرون ملک محاذ پر بھی تعینات رہے،،جنگ کے بعد ان کی یونٹ جالندھر اور لاہور میں تعینات ہوئی ۔

قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے میں آگئے اور سردار فتح محمد کریلوی کی حیدری فورس میں شامل ہوگئے، جو بعدازاں آزاد کشمیر رجمنٹ کا حصہ بنی ، سیف علی جنجوعہ کی قائدانہ صلاحیت کو دیکھتے ہوئے انہیں نائیک کے عہدے پر ترقی دے د ی گئی۔

بعد ازاں انہیں پلاٹون کمانڈر بنا کر مینڈھر سیکٹر پر پیر کالیوا کے مقام پر دشمن کا حملہ روکنے کا حکم ملا، جہاں انہوں نے بھارتی فوج کے پورے بریگیڈ سے جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ان کی پلاٹون نے دستیاب فائر پاور اور مختصر نفری کے ساتھ بھارتی بریگیڈ کے چار حملے پسپا کئے۔

نائیک سیف علی جنجوعہ نے بھارتی فوج کے وطن کی حرمنت کیلئے بے جگری اور جانبازی کی عظیم داستان رقم کرتے ہوئے 26اکتوبر 1948ء کو جام شہادت نوش کیا جس پر 14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر نے نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا جنگی اعزاز” ہلال کشمیر “ عطا کیا، جو نشان حیدر کے مساوی ہے۔

The post سیف علی جنجوعہ کا یوم شہادت ،ڈی جی آئی ایس پی آر کا خراج عقیدت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email