قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن باؤلر سعید اجمل کا ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن بولر سعید اجمل نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن باؤلر سعید اجمل نے سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے لیے ایٹمی بم تخلیق کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے، انہیں ہمیشہ پاکستان کے قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

سابق اسپن بولر سعید اجمل نے محسنِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے ڈاکٹر صاحب کی تمام بے مثال خدمات کے لیے انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان انتقال کرگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے  کے باعث اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے، وہ پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ، ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پھیپھڑوں کے مرض کے سبب ان کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی ہے،  نماز جنازہ میں وفاقی وزرا، ارکین پارلیمنٹ اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

یاد رہےکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈ ملے، انہیں 2 بار نشان امتیازسے بھی نوازا گیا۔

ڈاکٹرعبد القدیر خان وہ مایہ ناز سائنس دان ہیں جنہوں نے آٹھ سال کے انتہائی قلیل عرصہ میں انتھک محنت و لگن کی ساتھ ایٹمی پلانٹ نصب کرکے دنیا کے نامور نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کو حیرت زدہ کردیا تھا۔

The post قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن باؤلر سعید اجمل کا ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email