معاشرے کے تمام طبقات کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے، ترجمان کراچی پولیس

ترجمان کراچی پولیس نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کراچی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص خواجہ سراؤں کے جان و مال اور ان کے عزت نفس کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس چیف سے ملاقات میں جینڈر انٹیریکٹیو الائنس کے وفد میں شامل بندیا رانا، شہزادی اور ایڈوائزر شیریں نے خواجہ سرا کمیونٹی کے مسائل سے کراچی پولیس کو آگاہ کیا۔
ذرائع نے کہا کہ جینڈر انٹیریکٹیو الائنس کے صدر بندیا رانا نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے پولیس کے رویے کے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وفد نے ماضی کے مقابلے میں آج تھانوں میں داخلے اور دیگر قانونی معاملات میں بہتری پر کراچی پولیس چیف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وفد کی جانب سے پولیس کے ٹریننگ ماڈیول میں خواجہ سراؤں کے ساتھ برتائو سمیت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین کے متعلق تربیت دینے کے لیے اقدامات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس چیف نے وفد کو خواجہ سراؤں کی کمیونٹی کی پولیس سے متعلق شکایات کو جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواجہ سرا دیگر پاکستانیوں کی طرح قوم کا اہم حصہ ہیں اور ان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس محدود وسائل میں رہتے ہوئے معاشرے کے کمزور طبقات، خواتین، بچوں اور خواجہ سراؤں کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔

The post معاشرے کے تمام طبقات کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے، ترجمان کراچی پولیس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email