حکومت تعمیری ایجنڈے پر گامزن ہے، فیاض الحسن چوہان

حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت تعمیری ایجنڈے پر گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا صرف تخریبی اور تنقیدی ہے۔

حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ پاناما لیکس سے نااہل ہونے والوں کو پنڈورا لیکس سے بھی خوف آ رہا ہے۔ اپوزیشن کی فیک نیوز بریگیڈ جھوٹے پروپیگنڈے میں پھر ناکام ہوگی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت تعمیری ایجنڈے پر گامزن ہے، سیاست سے دور اپوزیشن کو تنقید کے لیے اب کوئی جواز نہیں مل رہا۔

حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان  کا  مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم 1400 ارب کے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، اس پروگرام سے 37 لاکھ گھرانوں کی ریاست کی جانب سے مدد کی جائے گی۔

واضح رہے اس سے قبل انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے صحافتی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل پنڈورا پیپرز بریک کردیا۔

پانامہ پیپرز کے بعد نئے مالیاتی اسکینڈل ‘پنڈورا پیپرز’ کی ہوشربا تفصیلات جاری کردی گئی ہیں جس کےمطابق 700سے زائد پاکستانی بے نقاب ہوگئے ہیں جبکہ پنڈورا پیپرز میں مجموعی طور پر 200 سے زائد ممالک کی 29 ہزار سے زائد  آف شور کمپنیوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

پنڈورا پیپرز میں وزیر خزانہ شوکت ترین ،مونس الہیٰ ،علیم خان اور فیصل واوڈا کی آف شور کمپنیاں سامنے آئیں جبکہ تحقیقات میں پنجاب کے سابق وزیر عبدالعلیم خان کی آف شور کمپنی، خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیارعارف نقوی کی آف شورکمپنی اور پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن کی آف شور کمپنی بھی سامنے آئی۔

تحقیقات میں مسلم لیگ ن کے رہنماء اسحاق ڈار کے بیٹے کی آف شور کمپنی بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے جبکہ بینکاروں، کاروباری شخصیات کی آف شورکمپنیاں بھی سامنے آئیں ہیں۔

آئی سی آئی جے کے مطابق اس اسکینڈل نے دنیا بھر کی اشرافیہ کی چھپی ہوئی دولت کو بے نقاب کیا ہے۔  پنڈورا پیپرز کے نام سے پروجیکٹ میں 117 ممالک کی اہم شخصیات کی مالی تفصیلات شامل ہیں۔

The post حکومت تعمیری ایجنڈے پر گامزن ہے، فیاض الحسن چوہان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email