وزیر خارجہ کا وفاقی وزیر سید امین الحق سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر سید امین الحق سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سید امین الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں عمر شریف کے جسد خاکی کو جلد از جلد وطن واپس لانے پر مشاورت ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے مرحوم کے جسد خاکی کو جلد وطن واپس لانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

سید امین الحق نے جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ڈاکٹر محمد فیصل کو عمر شریف کی فیملی سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین عمر شریف جرمنی میں انتقال کرگئے ہیں۔

عمرشریف کو طبیعت خرابی کے باعث جرمنی منتقل کیا گیا تھا، عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

یاد رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا  گیا تھا، جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں انتظامات کر رکھے تھے۔

فخرِ پاکستان عمر شریف کی امریکا منتقلی اور اہل خانہ کے ویزوں کے لیے بھی ڈاکٹر طارق شہاب نے ہی تگ و دو کی تھی، عمر شریف کو لینے کے لیے ائیر ایمبولینس پیر کی دوپہر منیلا سے پاکستان پہنچی تھی۔

عمر شریف 19 اپریل 1955 کو پیدا ہوئے، عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974 میں 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا، عمر شریف کو بہترین اداکار اور ڈائریکٹر کا ایوارڈ 1992 میں دیا گیا تھا،عمر شریف کو بہترین کارکردگی پر تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

The post وزیر خارجہ کا وفاقی وزیر سید امین الحق سے ٹیلیفونک رابطہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email