وزیراعظم عمران خان نے نالہ لائی ایکسپریس وے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نالہ لائی ایکسپریس وے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نالہ لائی ایکسپریس وے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (NAPHDA) لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ر) نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 17 کلو میٹر طویل نالہ لائی منصوبہ اسلام آباد کے آئی جے پی روڈ کو جی ٹی روڈ سے جوڑنے کے لیے ایک بہت مفید متبادل راستہ پیش کرے گا۔ 200 ارب روپے سے زائد مالیت کا یہ منصوبہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کو سیلاب سے بچائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ٹرنک سیوریج سسٹم بنا کر دونوں شہروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے مسائل کو بھی حل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کو اپناتے ہوئے اس اہم انفراسٹرکچر منصوبے کو جلد از جلد مکمل کریں۔
شیخ رشید نے ٹوئٹ میں کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت سی تجارتی سرگرمیاں بھی پیدا کرے گا جوغربت کو ختم کرنے کا سبب بنیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب اور پنجاب سے متعلقہ دیگر اعلیٰ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

The post وزیراعظم عمران خان نے نالہ لائی ایکسپریس وے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، شیخ رشید appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email