نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک اور جلد ہوگا، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک اور جلد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں ریکارڈ اضافےاور مہنگائی کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن اور غریب کُش حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی اضافہ کر کے عوام کی جیب پر ایک اور ڈاکا مارا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے صرف گزشتہ 30 دنوں میں حکومت پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 9 روپے کا اضافہ کر چکی ہے۔ پچھلے تین ماہ میں وزیراعظم کی منظوری سے پیٹرولیم مصنوعات 7 مرتبہ مہنگی کر کے 21 روپے تک کا اضافہ کیا گیا یہ عوام دشمنی نہیں تو اور کیا ہے۔

حمزہ شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پھر دیگر ممالک سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہئے، ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 2 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اس بنا مہنگائی کا جو نیا سیلاب آئے گا اس سے نمٹنے کی حکومتی پالیسی کا کسی کو کچھ پتا بھی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اس ملک کے عوام پر بجلی گیس اور مہنگائی کے بم گرانے کی سمریوں پر اپنے دستخط کرتے ہوئے عمران خان کو حیا نہیں آتی، کیا دیگر ممالک کی طرح ہماری معیشت بھی اتنی ہی مظبوط ہے؟ کیا ہماری فی کس آمدنی بھی ان ممالک کے برابر ہے عوام دشمن حکومت تو 16 سو ڈالر کی فی کس آمدنی 11 سو ڈالر پر لے آئی ہے۔

 حمزہ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی 343 روپے مہنگا کر دیا ہے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے کا ہو گیا ہے، اس حکومت نے تو 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو نااہلی اور کرپشن اور بدانتظامی کی زمین میں دفن کر دیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ فچ ریٹنگ نے تو ڈالر 180 روپے تک کے ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے معیشت اور عوام کی یہ درگت بنانے پر اس اناڑی نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک اور جلد ہو گا۔

  یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی  بھی منظوری دے دی، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق اگلے 15 روز کیلئے ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 127 روپے 30 ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے ایک پیسہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 122 روپے 4 پیسے ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 99 روپے 31 پیسے ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 99 روپے 51 پیسے ہوگی

The post نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک اور جلد ہوگا، حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email