پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت افغانستان کی موجودہ صورت حال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور اہم عالمی شخصیات کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں ہونے ملاقاتوں میں افغانستان کی موجودہ صورت حال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستانی موقف کی بھرپور ترجمانی کی گئی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ افغان عوام کی امنگوں کے مطابق نمائندہ حکومت قائم ہو۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے بھی ڈنمارک کے وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر گفتگو کی تھی جبکہ افغانستان میں امن کے حوالے سے بھی تبادکہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے سیاسی اسٹرکچر اہم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان اور استحکام کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ افغانستان سی انسانی المیے سے بچنے کے لیے بھی عالمی برادری کردار ادا کرے۔

عمران خان نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور متبادل انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ عالمی برادری کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ملاقات میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی تعریف کی جبکہ ڈینمارک کے وزیر خارجہ نے افغانستان سے شہریوں کے انخلا میں مدد پر بھی پاکستان کو سراہا ۔

The post پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email