پاکستان ڈنمارک سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈنمارک سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی حالیہ صورتحال، انسانی بنیادوں پر امداد کے اقدامات میں تعاون و اشتراک پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ڈنمارک کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کامیاب انخلا آپریشن، خطے کے استحکام کی پاکستان کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون بہتر بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے بھی ڈنمارک کے وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر گفتگو کی تھی جبکہ افغانستان میں امن کے حوالے سے بھی تبادکہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے سیاسی اسٹرکچر اہم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان اور استحکام کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ افغانستان سی انسانی المیے سے بچنے کے لیے بھی عالمی برادری کردار ادا کرے۔

عمران خان نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور متبادل انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ عالمی برادری کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ملاقات میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی تعریف کی جبکہ ڈینمارک کے وزیر خارجہ نے افغانستان سے شہریوں کے انخلا میں مدد پر بھی پاکستان کو سراہا ۔

The post پاکستان ڈنمارک سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email