کسی بھی مسئلے کا حل طاقت نہیں مذاکرات ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا حل طاقت نہیں مذاکرات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹی آر ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ افغان طالبان مذاکرات میں مصالحت کار ہیں، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، جن میں افغان طالبان ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل طاقت نہیں مذاکرات ہیں جبکہ ہمیشہ کہا کہ افغانستان  کے مسئلےکا حل  فوجی نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی والے  ہتھیار ڈال دیں تو انہیں معاف کردیں گے اور وہ بھی معمول کی زندگی گزار سکیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے نیشنل یوتھ کاؤنسل کے ممبران کی ملاقات ہوئی جس میں معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، صوبائی وزراء رائے تیمور خان بھٹی، راجہ ناصر علی خان مقپون اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی تھی۔

ملاقات میں معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قائم شدہ نیشنل یوتھ کاؤنسل اور نوجوانوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

عثمان ڈارکا کہنا تھا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک 6 شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کیلئے بنائی گئی ہے، جس میں سماجی تحفظ، معاشرتی اعتبار سے نظر انداز نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لانا شامل ہیں، صحت، نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات اور سیوک انگیجمنٹ بھی فریم ورک کا حصہ ہیں۔

معاونِ خصوصی عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2023 تک نوجوانوں میں معاشی خودمختاری اور یوتھ انٹرپرینیورشپ کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے، کامیاب جوان ہنرمند پروگرام کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو وظائف دیئے جائیں گے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کی ترقی پر منحسر ہے، حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے، کامیابی کا راستہ جدوجہد کا راستہ ہے۔

عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے، لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے، آپ بھی سچ کا راستہ اپنائیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا کہ حکومت میں جب آئے تو ملکی برآمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہورہا ہے، پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔

The post کسی بھی مسئلے کا حل طاقت نہیں مذاکرات ہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email