ہاکی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ، سابق کپتان  محمد عثمان

پاکستان ہاکی کے سابق کپتان اور اولمپئین محمد عثمان نے کہا ہے کہ ہاکی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ،تاہم سندھ حکومت کا کے ایچ اے کو سپورٹ کر روشن مستقبل کی نوید ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اولمپیئن محمد عثمان کا کہنا ہے کہ  کے ایچ اے حقیقی معنوں میں گراس روڈ لیول پر ہاکی کی خدمت کررہی ہے، کے ایچ اے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ویژن کے مطابق اپنے حصے کا کام کررہی ہے۔

1994ہاکی ولڈ کپ کے فاتح کپتان گولڈ میڈلسٹ محمد عثمان اور اولمپیئن عمر بھٹہ نے پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین کے ہمراہ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا، کمپلیکس میں موجود کم عمر جونیئر کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر سابق کپتان محمد عثمان نے کہا کہ گراس روڈ لیول پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا کام اور حیدر حسین کا جنون دیکھ کر میرا دل خوش ہوجاتا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ جب بھی کراچی آتا ہوں کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس آنا نہیں بھولتا۔

ان کا کہنا تھا کہ  وفاقی حکومت کے پاس قومی کھیل کی ترقی کے لئے کوئی پلان نہیں جس کے باعث کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی کچھ نہیں کرپا رہی۔

محمد عثمان کا کہنا تھا کہ  نوکریوں کا حصول، گلیمر اور پیسے کی انٹری کے بغیر ہاکی کی کامیابی کا سفر دوبارہ شروع ہونا ممکن نہیں تاہم سندھ حکومت کا ہاکی کے فروغ کے لئے کے ایچ اے کو سپورٹ کرنا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ سید امتیاز علی شاہ کے ایچ اے کی سرپرستی کررہے ہیں اسی طرح دیگر صوبوں اور وفاق کو بھی آگے آنا ہوگا۔

 اس موقع پر اولمپئین  عمر بھٹہ نے کہا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی سمت درست ہے، حقیقی معنوں میں کے ایچ اے گراس روڈ لیول پر ہاکی کی خدمت کررہی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین نے کہا کہ ہم کوئی کمال نہیں کررہے بس پی ایچ ایف کے ویژن کے مطابق ہاکی کی بحالی کے لئے اپنے حصے کا کام کررہے ہیں۔

 حیدر حسین کا کہنا تھا کہ سابق کپتان اولمپیئن محمد عثمان اور اولمپیئن عمر بھٹہ نے جن نیک خیالات کا اظہار کیا ہے اسے ہمیں حوصلہ ملا ہے، خواہش ہے کہ ملک کی تمام ایسوسی ایشن پی ایچ ایف کے ویژن کے مطابق اپنا کردار ادا کریں۔

The post ہاکی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ، سابق کپتان  محمد عثمان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email