ٹراپیکل سمندری طوفان، محکمہ موسمیات نے چوتھا الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظرچوتھا  الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بحرہ عرب میں موجود ڈپریشن اس وقت شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوچکا ہے، آئندہ چھ گھنٹے میں ڈیپ ڈپریشن مزید شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس سمندری طوفان کا نام شاہین رکھا جائے گا، یہ نام قطر کا تجویز کردہ ہے، ڈیپ ڈپریشن اس وقت کراچی سے 160، ٹھٹھہ سے 140 اور اڑماڑہ سے 270 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، ممکنہ سمندری طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی پر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد سمیت زیریں سندھ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں متوقع ہیں، اس دوران 70 تا 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ سمندر میں طغیانی رہے گی اور معمول سے بلند لہریں ہوں گی، ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے، تیز بارشوں سے شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، آندھی یا تیز ہواؤں سے بھی نقصان کا خدشہ ہے۔

The post ٹراپیکل سمندری طوفان، محکمہ موسمیات نے چوتھا الرٹ جاری کردیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email