محمود خان میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے آج سوات کا دورہ کریں گے، کامران بنگش

معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے آج سوات کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے سوات کے اہم دورہ کے حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا بیان سامنے آگیا ہے۔

کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 4 کیمپسز اور چلڈرن ہسپتال سوات کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے اور محمود خان ریسکیو 1122 کبل ایمرجنسی سٹیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔

کامران بنگش نے بتایا کہ تعمیر و ترقی کے تاریخی منصوبوں کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں، سوات انجینئرنگ یونیورسٹی کے 4 بری کوٹ، ارکوٹ، کبل اور کالام میں قائم کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوات انجینئرنگ یونیورسٹی کے ان 4 کیمپسز پر تقریباً 8 ارب اور کبل ریسکیو 1122 ایمرجنسی اسٹیشن کے لیے ساڑھے 4 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  تعمیر و ترقی کے یہ میگا پراجیکٹس صوبے  کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ محمود خان کا وژن ہیں،  وزیراعلیٰ محمود خان صوبہ خیبر پختونخوا بھر کی یکساں اور پائیدار ترقی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔

  کامران بنگش کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کبل میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر مراد سعید، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، چیئرمین ڈیڈک فضل حکیم خان اور دیگر رہنماء بھی وزیر اعلی کے ہمراہ ہونگے۔

The post محمود خان میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے آج سوات کا دورہ کریں گے، کامران بنگش appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email