پیپلز پارٹی تیسری مرتبہ سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن مسائل جوں کے توں ہیں، فرخ حبیب

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسلسل تیسری مرتبہ سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن سندھ کی عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب اگر آپ صحافیوں کے اتنے ہی خیر خواہ ہیں تو بتائیں بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی انسانی حقوق پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز بل کو التواء میں کیوں رکھا ہوا ہے؟

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جرنلسٹ پروفیشنل اینڈ پروٹیکشن بل قائمہ کمیٹی میں رکا ہوا ہے اس کا نقصان صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہورہا ہے، یہ قانون بن جائے تو صحافیوں کو 100 فیصد تحفظ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے کے ذریعے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور نوکریوں کے تحفظ کو یقینی ہوگی، اپوزیشن تنیقد برائے تنقید پالیسی کے تحت پی ایم ڈی کی مخالفت کر رہی ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی اے میں صحافیوں اور میڈیا ورکرزکی تربیت کو لازمی، معاشی استحصال پر 21  دنوں میں فیصلہ حاصل کرسکیں گے، الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو اپنے حقوق کے لئے موثر پلیٹ فارم میسر آئے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول زرداری نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کو پڑھے بغیر ہی مسترد کر کے سیاسی نابلد ہونے کا ثبوت دیا ہے، بلاول بتائیں کہ سندھ میں اجے لالوانی اور عزیز میمن سمیت صحافتوں پر حملوں اور صحافیوں کے قتل کے واقعات پر آج تک کیا کارروائی کی؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم پراسرار خاموشی پر صحافتی برادری اور متاثرہ صحافی خاندانوں سے معافی مانگیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کی حکومت ہے، اسی وجہ سے سب سے ذیادہ مہنگائی سندھ میں ہے، حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی  گرانفرشوں اور ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ بلاول صاحب بتائیں کہ کب تک سندھ کے عوام کو ان گرانفرشوں کے رحم و کرم پر چھوڑیں گے؟

The post پیپلز پارٹی تیسری مرتبہ سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن مسائل جوں کے توں ہیں، فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email