اسکولز اور کالجز میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ

سندھ کی جامعات کے بعد اسکولز اور کالجز میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کی مشترکہ صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں پارلیمانی سیکریٹری صحت قاسم سومرو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، سیکریٹری تعلیم اکبر لغاری و دیگر افسران نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا مرحلہ 6 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ نویں ‏سے بارویں تک 14 لاکھ 200 طلبہ وطالبات کی ویکسینیشن کی جائے گی جبکہ اسکولوں اور کالجوں میں ویکسینیشن کے لیے محکمہ صحت کی 2 ہزار 527 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اجلاس میں وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ والدین کےساتھ رابطہ کر کے رضامندی لیں گے اور ویکسین مکمل ہونے پر رجسٹریشن کو بھی ‏یقینی بنایا جائے گا۔ ‏

اس موقع پر  وزیر تعلیم سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں ویکسین کے لیے تمام انتظامات کے حوالے سے محکمہ صحت کے ساتھ ہیں، تدریسی عمل کے تسلسل اور بچوں کی حفاظت کے لیے ویکسین کروانا لازمی ہوگا۔

The post اسکولز اور کالجز میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email