پاکستان اور جرمنی کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عاصم افتخار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی جمہوریہ جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس آج سے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے میں پاک جرمنی وزرائے خارجہ کے درمیان باضابطہ مذاکرات میں افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کی ابتر صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر ان کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ ملاقات میں افغان مسئلے کے مختلف پہلووں سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سلامتی، ثقافتی، تعلیمی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔

ترجمان عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ ہیکو ماس پاکستان کے اعلیٰ سطحی قیادت کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں، رواں سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین حال ہی میں کئی اعلی سطحی تبادلے ہوئے ہیں ، جو دوطرفہ تعلقات میں اوپر کی طرف پیش رفت کا اظہار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ رواں سال کے دوران وزیر خارجہ ہیکو ماس کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپریل 2021 میں جرمنی کا دورہ کیا تھا۔

The post پاکستان اور جرمنی کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، ترجمان دفتر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email