ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کو ترقیافتہ ملک بنا سکتے ہیں، شبلی فراز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کو ترقیافتہ ملک بنا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر شبلی فراز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یو ای ٹی کو بہترین یونی ورسٹی کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں، دنیا میں ترقی کے لحاظ سے پاکستان بہت پیچھے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کو اٹھانے سے زیادہ سیاست پر توجہ دی جاتی ہے، پاکستان میں چھوٹی سے چھوٹی چیز امپورٹ ہوتی ہے، کیا ہم نے انرجی افیشنسی کا سوچا؟

سینٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 35 سال پہلے گھر بنایا، اس میں گیزر لگایا، آج بھی مارکیٹ میں وہی گیزر بک رہا ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن میں دھاندلی کا ایشو بنتا ہے،انسان کی جتنی زیادہ مداخلت ہو گی اتنے زیادہ مسائل ہوں گے۔

سینٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نوے دن کے اندر الیکٹرانک ووٹنگ مشین بنائی ہے، ہم ملک میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں، اور ووٹرز اور انتخابی عملے کے لیے آسانی پیدا کرنا چاہتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں باہر سے مداخلت نہیں ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا پولنگ کے 15 سیکنڈ کے اندر نتائج تیار ہوں گے۔

سینٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایک دو ماہ بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ہیکا تھون منعقد کر رہے ہیں پھر ہم چیلنج کریں گے کہ کوئی آئے اور اس مشین کو ہیک کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مشین سے ووٹرز کی معلومات کی خفیہ رکھنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر شبلی فراز نے  کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے کا جواب صرف شعر کی ایک سطر میں دیتے ہوئے کہا کہ خاک کے ڈھیر میں نہ شعلہ نہ چنگاری ہے۔

The post ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان کو ترقیافتہ ملک بنا سکتے ہیں، شبلی فراز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email