کسان کی خوشحالی کے بغیر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر نہیں چلایا جاسکتا، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کسان کی خوشحالی کے بغیر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر نہیں چلایا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کسان متحدہ محاذ سندھ بلوچستان کے وفد سے ملاقات کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسان مشکلات کا شکار رہیں اور ملک ترقی کر جائے ایسا نہیں ہوسکتا۔ نواز شریف کی قیادت میں ہم نے کسانوں اور زراعت کے لئے ٹھوس، حقیقت پسندانہ اور عملی اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دور میں اربوں روپے کا پیکج دیا گیا، کسان کے لئے امدادی قیمت بڑھائی گئی، نواز شریف کے دور میں وفاق اور پنجاب نے سبسڈی کی رقم دی لیکن فائدہ پورے ملک کے کسانوں کو ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے زرعی ٹیوب ویل پر 5 روپے 35 پیسے فی یونٹ بجلی 15 روپے کر دی ہے، ڈیپ ، کھادوں اور کیڑے مار ادویات کی قیمتیں دوگنی ہوگئی ہیں، ٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ ساز وسامان کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا ہے کہ زراعت اور زرعی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر کے کسان اور زراعت کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، آج ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے، شہروں سے زیادہ دیہات میں مہنگائی ہے، ملک کی 75 فیصد آبادی دیہات میں رہتی ہے، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت کو ترقی دیئے بغیر ملکی معیشت طاقتور اور توانا نہیں ہوسکتی، کتنے دکھ کی بات ہے کہ ایک زرعی ملک ہوکر ہمیں آج گندم اور چینی باہر سے منگوانی پڑ رہی ہے، ایک زرعی ملک ہوکر بھی پاکستان میں آٹا 35 روپے سے 100 اور چینی 52 روپے سے 110 روپے پر فروخت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی طرح ملکی زراعت کے لئے بھی موجودہ حکومت کے 3 سال تباہ کن ثابت ہوئے ہیں، کسانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مسائل پر بھرپور آواز بلند کریں گے، حکمرانوں کو 3 سال سے جگانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کسان متحدہ محاذ کے وفد میں شامل افراد نے حکومت کی پالیسیوں ، کسانوں اور زراعت کو درپیش مسائل پر شکایات کے انبار لگا دیئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آپ کی مشکلات کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

The post کسان کی خوشحالی کے بغیر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر نہیں چلایا جاسکتا، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email