ہماری سرحدوں پر کوئی دباؤ نہیں ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری سرحدوں پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ  افغانستان متعدد نسلی گروہوں پر مشتمل ملک ہے، ہم طالبان کو یہی مشورہ دیں گے کہ افغانستان میں حکومت میں تمام نسلی گروپوں کی نمائندگی ہونی چاہئے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جامع حکومت ہونی چاہئے، افغانستان میں مستحکم حکومت کے قیام کا یہی ایک راستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جامع حکومت بنانے کے خواہاں ہیں جو کہ حوصلہ افزا ہے۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  پاکستان اس وقت 35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، موجودہ صورتحال میں افغانیوں نے پاکستان کی طرف ہجرت نہیں کی سوائے غیر ملکیوں کے جو انخلا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 4 ہزار افراد کی افغانستان سے انخلا میں مدد کی، اس وقت افغانستان کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے تاہم اس وقت افغانستان میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس سے داعش اور دولت اسلامیہ جیسے دہشت گرد گروپ پنپ سکتے ہیں جو کہ  افغانستان کیلئے نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دنیا کو اس وقت افغانستان میں نئے حکمرانوں سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔

The post ہماری سرحدوں پر کوئی دباؤ نہیں ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email