وزیر خارجہ کی ازبکستان کے صدر کے ساتھ ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاشقند میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزا ایوف کیساتھ ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےازبک صدر کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء ازبکستان کا حوالہ دیتے ہوئے، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہاربھی کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے ازبک صدر کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا، اس ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان قیادت، اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی جانب بڑھے گی تاکہ خطے میں مضبوط تجارتی و اقتصادی روابط کی راہ ہموار ہو سکیں۔

ازبک صدر شوکت مرزاایوف نے وزیر خارجہ کو ازبکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس موقع پر مرزا ایوف کا کہنا تھا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مراسم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

ازبک صدر کا کہنا تھا کہ ازبکستان، پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ٹرانسپورٹ اور رابطہ سازی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔

ازبک صدر نے وزیر خارجہ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ  افغانستان میں قیام امن سے خطے میں تجارت، معیشت اور روابط میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔

ازبک صدر شوکت مرزاایوف نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دوشنبے، تاجکستان میں متوقع شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان خان کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یہ چار ملکی دورہ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں، علاقائی سطح پر، مشاورت کے ذریعے، متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے کی عملی کوششوں کا حصہ ہے۔

The post وزیر خارجہ کی ازبکستان کے صدر کے ساتھ ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email